ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گڑگاؤں: سوہنا روڈ پر زیر تعمیر فلائی اوور کا ایک حصہ منہدم، دو مزدور زخمی

گڑگاؤں: سوہنا روڈ پر زیر تعمیر فلائی اوور کا ایک حصہ منہدم، دو مزدور زخمی

Sun, 23 Aug 2020 11:47:31    S.O. News Service

گڑگاؤں،23؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی سے ملحقہ گڑگاؤں کے سوہنا روڈ پر زیر تعمیر کا ایک حصہ اچانک منہدم ہونے کی اطلاع ہے۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے دونوں افراد مزدور ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کنکریٹ سے تعمیر شدہ فلائی اوور کا بہت بڑا سلیب تیز آواز کے ساتھ زمین پر آ پڑا۔ تاہم، اس وقت زیادہ لوگ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے، لہذا بڑا حادثہ پیش نہیں آ سکا۔ فی الحال پولیس نے علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا ہے۔

سوہنا روڈ اور بادشاہ پور کو منسلک کرنے والا یہ زیر تعمیر فلائی اوور 5 کلومیٹر لمبا ہے۔ اس کی تعمیر کا آغاز سال 2018 میں ہوا تھا اور اس کی تعمیر 707 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جا رہی ہے۔

ہریانہ کے نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ نے بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی ٹیم، علاقے کا ڈی سی اور سول ڈفینس کی ٹیم موقع پر موجود ہے۔

این ایچ اے آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا، ’’جہاں یہ حادثہ پیش آیا تھا، سڑک کے اس حصہ کی توسیع پہلے ہی انجام دی جا چکی تھی اور کام مکمل ہو چکا تھا۔ کاسٹنگ اور اسٹریسنگ بھی مکمل ہو گئی تھی۔ یہ جاننے کے لئے کہ واقعہ کیسے پیش آیا، ہمیں جانچ کرنی ہوگی۔ ہوسکتا ہے کہ اسٹریچر پر زیادہ دباؤ پڑ رہا ہو، لیکن اس پر فی الحال کچھ بھی کہنا بہت جلدبازی ہوگی۔"


Share: